حکومتج مقصد معاشی صورتحال میں غریبوں کی مدد کرنا ہے،شازیہ مری

07 جون ، 2022

اسلام آ با( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر تخفیف غربت وسماجی تحفظ شازیہ مری نے بی آئی ایس پی کو کئی ممالک کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا حتمی ہدف بالخصوص موجودہ معاشی صورتحال میں غریبوں اور کمزوروں کی مدد کرنا ہے۔انسانی سرمائے کی ترقی میں عالمی بینک کی معاونت کا کرداربہت اہم ہے،انہوں نے غریبوں کے فائدے اور ایس ڈی جیز کے حصول کیلئے جامع ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پروگرام کی ڈیزائننگ اور نفاذ میں بی آئی ایس پی کی جانب سےعالمی بینک کے مشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے ان ممالک کیساتھ معلومات کے اشتراک کی خواہش کا بھی اظہار کیا جو اس نوعیت کے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں۔عالمی بینک کے عملدرآمد سپورٹ مشن برائے کرائسز ریزیلینٹ سوشل پروٹیکشن پروگرام اور نیشنل سوشل پروٹیکشن پروگرام نے سینئر سوشل پروٹیکشن سپیشلسٹ /ٹاسک ٹیم لیڈر امجد ظفر خان کی قیادت میں پیر کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر شازیہ مری سے ملاقات کی۔ امجد ظفر خان نے وفاقی وزیر کو مشن کے بنیادی مقاصد سے آگاہ کیا۔شازیہ مری نے عالمی بینک کے مشن کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک کے کمزور طبقات کیلئے بین الاقوامی بہترین طریقوں سے سیکھنے اور انہیں غربت سے نکالنے میں مدد کرنے کا خواہاں ہے۔عالمی بینک کی جانب سے امجد ظفر خان، میلس یو گوون، سینئر سوشل پروٹیکشن اکانومسٹ، رندا جی الراشدی، سوشل پروٹیکشن سپیشلسٹ اور گل نجم جامی نے اجلاس میں شرکت کی۔