پاکستان میں پانی کا بحران سنگین ، آبی ذخائر میں97 فیصد کمی ہو گئی

07 جون ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز) پاکستان میں پانی کا بحران سنگین ہونے سے پانی کی کمی کا22سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جب کہ صوبوں کو50فیصد پانی کی کمی کا سامنا جبکہ آبی ذخائر میں97فیصد کمی ہو گئی ہے۔انڈس ریورسسٹم اتھارٹی (ارسا)کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ملک میں پانی بحران میں شدت سے پانی کی کمی کا22سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بھی56فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ارسا کی جانب سے پانی کی صورتحال کی تفصیلات کے مطابق شمالی علاقوں میں درجہ حرارت انتہائی کم ہے تربیلا ڈیم گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے خالی ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک لاکھ ایکڑ فٹ ہے جبکہ گزشتہ سال ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ35 لاکھ ایکڑ فٹ تھا۔دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہا ؤایک لاکھ 25 ہزار کیوسک ہے۔ گزشتہ سال ان دنوں دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 2 لاکھ 84 ہزار کیوسک تھا۔