سعودی واقعہ ، شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی مچلکے پر توثیق

07 جون ، 2022

راولپنڈی(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس طارق ندیم نے سعودی عرب واقعہ کے بارے میں درج ایف آئی آر میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت قبل از گرفتاری کی ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر توثیق کردی ہے۔ شیخ رشید کی پیروی سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے کی۔سردار عبدالرازق نے موقف اختیار کیاکہ ایف آئی آر سے سیاسی انتقام اور بدنیتی روز روشن کی طرح عیاں ہے شیخ رشید اور دیگر سیاسی قائدین کو سیاسی ایجنڈے کے تحت جھوٹی ایف آئی آر میں ملوث کیا گیا ہے میرے موکل کیخلاف کوئی شہادت صفحہ مثل پر نہیں ہے توہین مذہب کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا عدالت نے سرکاری اور مدعی کے وکلا سے استفسار کیا کہ شیخ رشید کیخلاف کیا شہادت ہے اور توہین مذہب کی دفعات کا اطلاق کیسے ہوتا ہے۔جس پر مدعی اور سرکاری وکیل عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے۔عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سن کر شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کردی۔ شیخ رشید اور دیگر کیخلاف تھانہ نیو ایر پورٹ فتح جنگ ضلع اٹک کے مقدمہ میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کیلئے آئے زائرین اورپاکستانی عمائدین کو ہراساں کرنے،بے حرمتی پرتعزیرات پاکستان کی دفعات 295-A، 295 اور296کےتحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں راشد شفیق سمیت دیگر افراد نامزد ہیں۔