اسرائیل سے بزنس تعلقات کبھی نہ رکھےجائیں، مقتدا الصدر کا حکومت کو انتباہ

07 جون ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) عراق کے مذہبی رہنما مقتدا الصدرکی دھمکی کے بعد عراقی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ کہا جا رہا ہے، عراق اور اسرائیل کے درمیان ایک عرصہ سے تجارتی تعلقات ہو رہے تھے۔ مقتدا الصدرنے گزشتہ روز حکومت عراق کو کہا ہے کہ عراق کے عوام کسی طور سے اسرائیل کی سرگرمیوں کو عراق میں تسلیم کریںنہ ہی اس کے ساتھ کسی قسم کا بزنس ہوگا۔ مقتدا الصدرکا کہنا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب حکومت ہے، اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں کا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ عراق کے عوام فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ہمیشہ ان کے ساتھ رہتے ہیں، عراق کی تباہی میں بھی اسرائیل کا بڑا رول ہے۔ عراق کو تباہ کرنے میں اسرائیلی موساد نے سی آئی اے کا ساتھ دیا۔ عراق کو تباہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی شراکت نہیں ہو سکتی ہے۔ مقتدا الصدرنے واضح طور سےکہا ہے کہ عراقی حکومت نے اسرائیل کے حوالے سے اگر کچھ اقدامات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف کربلا سے بغداد تک مارچ ہوگا۔ مقتدا الصدرنے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امریکہ کی ایما پر جو بھی لوگ خفیہ طور سے کام کر رہے ہیں، انہیں عراقی عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ کربلا سے اپنے ایک ردعمل پر مقتدا الصدرنے کہا اسرائیل پہلے فلسطین کے مسلمانوں پر حملے بند کرے، مسجد اقصیٰ کو آزاد کرے اور فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کرے۔ مقتدا الصدر نے واضح طور سے کہا کہ اسرائیل کے لوگوں کو اگر ویزے دیئے گئے تو اس پر تحریک کربلا کا شدید ردعمل آئے گا۔