شمالی کوریا کو جواب،امریکہ اور جنوبی کوریا نے 8میزائل فائر کردئیے

07 جون ، 2022

راولپنڈی (نیوز ڈیسک )شمالی کوریا کی جانب سے کم رینج کے بلیسٹک میزائل پروگرام شروع کیے جانے کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے مل کر زمین سے زمین پر مار کرنے والے آٹھ میزائل فائر کیے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے نے جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم اتوار کو شمالی کوریا کے تجربے کے جواب میں کیا گیا ہے۔جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی حکام نے اقدام کو شمالی کوریا کے میزائل پروگرام اور اس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے کسی بھی ممکنہ حملے کیخلاف ’’تیاری اور صلاحیت کا مظاہرہ‘‘ قرار دیا ہے۔جنوبی کوریا کے صدر یون سکیوول نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کیخلاف سخت راستہ اپنائیں گے۔ جنوبی کوریا اور امریکہ کی افواج نے صبح پونے پانچ بجے مختصر وقت میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے آٹھ میزائل فائر کیے۔جنوبی کوریا کے سیکورٹی عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آٹھ آرمی ٹیکٹیکل میزائلز سسٹم (اے ٹی اے سی ایم ایس) چلائے گئے۔