جرمن وزیر خارجہ آج سے پاکستان کا 2روزہ دورہ کریں گی

07 جون ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور اینالینا بیئربوک آج بروز منگل سے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ وفود کی سطح پر دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ جرمن وزیر خارجہ پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گی۔