تمباکو پر ٹیکس سے قومی ریونیو میں اضافہ بیماریوں پر اخراجات میں کمی ہو گی‘ پناہ

09 جون ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) حکومت جان لیوا تمباکو پر ٹیکس میں اضافہ کرے، اس سے قومی ریونیو میں اضافہ اور بیماریوں پر خرچ ہونیوالے سالانہ بجٹ میں کمی ہو گی۔ اس حوالے سے ماہرین صحت اور سول سوسائٹی نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ پناہ کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ تمباکو نوشی انسانی صحت کیلئے کسی طرح بھی مفید نہیں۔ تمباکو نوشی نشہ کی جانب پہلا قدم اور دل سمیت دیگر امراض کی بڑی وجہ ہے۔ عالمی سطح پر تمباکو ہر سال 80لاکھ انسانوں کی جان نگل لیتا ہے جبکہ پاکستان میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ افراد تمباکو نوشی سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تحقیق نے ثابت کیا کہ اگر کسی چیز کی کھپت کم کرنی ہو تو اس پر ٹیکس نافذ کر دیا جائے۔