منفی پراپیگنڈہ کرنیوالوں کی سیاست دم توڑ رہی ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

12 جون ، 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی سیاست خودبخود دم توڑ رہی ہے،لوڈشیڈنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے وفاقی بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا،توانائی بحران کنٹرول کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،عوام کی مشکلات کا احساس ہے ،نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے کام، کام اور صرف کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مریم نواز، حمزہ شہباز ،خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے عوام کو متحد ہونا ہو گا۔ذرائع کے مطابق شرکا نے مشکل ترین حالات میں وفاقی بجٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سوموار کو پیش ہونے والے صوبائی بجٹ کے خدو خال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔اجلاس میں آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ضمنی انتخابات والے حلقوں میں مریم نواز کو ریلیاں اور جلسے کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ قبل ازیں وزیر اعظم سے ماڈل ٹائون میں ان کے مشیر عون چوہدری نے ملاقات کی ، مشکل معاشی حالات میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔