عوام بے فکر رہیں،بجٹ میں سابق حکمرانوں کی طرح تکلیف نہیں ریلیف دینگے،وزیر اعلیٰ حمزہ

12 جون ، 2022

لاہور،سیالکوٹ ( جنرل رپورٹر ،نمائندہ جنگ) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام بے فکر رہیں،بجٹ میں سابق حکمرانوں کی طرح تکلیف نہیں ریلیف دینگے،مشکل معاشی حالات میں ہمارے بجٹ کا محور عام آدمی کو ریلیف دینا اور اشیاء ضروریہ کو اس کی پہنچ میں لانا ہے۔لوگوں کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے آئوٹ آف باکس اقدامات کررہے ہیں۔ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا کہ بجٹ میں غریب لوگوں پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے گا اور عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے ، مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف دینے کیلئے جامع ایکشن پلان مرتب کر رہے ہیں۔ بجٹ میں مہنگائی پر کنٹرول کے لیے خصوصی اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ سستے آٹے کی صوبہ بھر میں فراہمی کا تاریخ ساز پیکیج آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب سے ممبران صوبائی اسمبلی منشا اللہ، ایم افضل نے ملاقات کی ،ووزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ مشکل معاشی حالات کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا ہے جس کا حکومت کو بخوبی احاس ہے وہ اس ضمن میں تمام تر ضروری اقدامات اقدامات کرہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔ تحصیل چک جھمرہ، ڈجکوٹ اور سٹی میں مختلف دکانوں، آٹا اور کھاد سیل پوائنٹس اور جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کا معائنہ کیا۔ یونین کونسل 12 چک جھمرہ، یونین کونسل 113 سٹی اور ڈجکوٹ میں قائم سیل سینٹرز پر کھاد کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا، خریداری کے لئے آئے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ سیل پوائنٹس کے معائنہ کے دوران چیف سیکرٹری نے آٹا کے معیار، اور دستیابی بارے بھی دریافت کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ا ضلاع کے دوروں کا مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینا ہے ،آٹے کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے خطیر رقم کی سبسڈی دے رہی ہے۔ اشیاء خورونوش کی مقررہ قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا ،جنرل ہسپتال میں چیف سیکرٹری نے مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ د ی،بعد ازاں چیف سیکرٹری نے کمشنر آفس میں ڈویژن کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلا س میں اراکین اسمبلی رانا علی عباس، رائے حیدر کھرل، میاں طاہر جمیل، رانا شعیب ادریس، کمشنر فیصل آباد زاہد حسین، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شر کت کی۔