مشکل حالات میں حقیقی بجٹ دیا ،معیشت کو استحکام ملے گا،شاہد خاقان

12 جون ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں ریلیف دینے کی پوری کوشش کی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے چینی، گندم اور کھاد درآمد کرنے پر مجبور ہیں، مشکل حالات میں حقیقی بجٹ دیا اس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر تجزیہ کارشاہزیب خانزادہ اور سینئر صحافی خرم حسین بھی شریک تھے۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ حکومت نے پورا بجٹ امیدوں پر بنایا ہے، وزیرخزانہ کو اس بجٹ پرآئی ایم ایف سے بھی مشکل وقت ملے گا،حکومت نے جو بجٹ دیا اس سے انہیں سیاسی نقصا ن ہوگا۔خرم حسین نے کہا کہ ن لیگ آدھا راستہ چل کر حکومت ختم کرتی ہے تو الیکشن میں سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہوگا، حکومت کو آئی ایم ایف کو پروگرام کی بحالی کیلئے ٹھوس ریونیو پلان پیش کرنا ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے تھے انہیں بجٹ میں پورا کرنے کی کوشش کی ہے ، شاہزیب خانزادہ نے کہا عمران خان بھی حکومت نہ چلنے کی بات ٹھوس معلومات کے بجائے امید پر کررہے ہیں ، حکومت پر اتحادیوں کی طرف سے وہ دباؤ نہیں آئے گا کہ فوری الیکشن میں جانا پڑے ،موجودہ حکومت نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے معاملہ پر سیاست کی تھی، ن لیگ کے پچھلے دور میں پٹرول پر فی لیٹر تیس روپے لیوی لگائی گئی تھی، اس کا مقصد یہ تھا کہ جب بھی عالمی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے جائیں گی حکومت لیوی کے ذریعہ ٹیکس اکٹھا کرلے گی ۔سینئر صحافی خرم حسین نے کہا عالمی معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پٹرولیم کی قیمتیں اگلے بارہ مہینے 140ڈالرز تک رہ سکتی ہیں، آئی ایم ایف سب سے بڑا سوال پرسنل انکم ٹیکس سے متعلق اٹھا ئے گا۔میزبان شہزاد اقبال نے کہا معاشی ماہرین بجٹ کو غیرحقیقی قرار دے رہے ہیں، سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اگر بجٹ تجاویز پر عمل ہوا تو فیکٹریاں بند ہوجائیں گی، بیروزگاری بڑھے گی اور مہنگائی کی شرح 25فیصد تک ہوجائے گی۔