پنجاب کابینہ میں آج توسیع کا امکان،20وزراء حلف اٹھائینگے، پیپلزپارٹی پنجاب میں وزیروں ،2معاونین،دومشیروں کیلئے سرگرم

12 جون ، 2022

لاہور ( جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر )پنجاب کابینہ میں آج توسیع کا امکان ہے،20وزراء حلف اٹھائیں گے۔ادھر پیپلزپارٹی پنجاب میں 3 وزیروں، دو معاونین خصوصی اور 2 مشیروں کے عہدے لینے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔اہم پارٹی رہنمائوں نے شیروانیاں تیار کر لیں اور حلف برداری کی امید پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق رانا مشہود احمد، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ عمران نذیر ، کرنل (ر)ایوب، یاور زمان، ملک تنویر اسلم، بلال یاسین ، سیف کھوکھر، ذکیہ شاہ نواز، منشا اللہ بٹ، جہانگیر خانزادہ ،کرنل (ر)طارق، عظمی بخاری، کاظم علی پیرزادہ، ملک ندیم کامران، طاہر خلیل سندھو اور چودھری اقبال گجر کا کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔پی پی کے سینئر رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے طے معاہدہ کے مطابق صوبہ میں 9 اہم عہدے جن میں 5 وزراء، 2 معاونین خصوصی ، 2 مشیروں کا کوٹہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔دو وزراء پہلے ہی شامل ہو چکے ہیں جبکہ باقی کی حلف برداری آج اتوار کو متوقع ہے۔پیپلزپارٹی کے وزیروں کو پنجاب میں زراعت، آپباشی، سی این ڈبلیو کی وزراتوں کے قلمدان ملیں گے ،پنجاب میں اہم عہدوں کے لئے سرگرم امیدواروں میں ایم پی اےممتاز چاہنگ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید شامل ہیں۔