مقصود بارے جو کچھ کہا جارہا وہ غلط ، حلفیہ کہتا ہوں موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی،کزنملک مقصود لاہور میں سپرد خاک

12 جون ، 2022

لاہور (نیوزرپورٹر)شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے مبینہ شریک ملزم ملک مقصود کے کزن صغیر احمد اعوان نے کہاہے کہ ملک مقصود کے بارے میں جو کچھ کہا جارہا ہے وہ غلط ہے، ہم چپڑاسی نہیں قطب شاہی اعوان ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان، فواد چوہدری اور شہباز گل کی اپنی کوئی زبان نہیں۔صغیر اعوان نے کہا کہ ملک مقصود اپنے کزن کے پاس رہتا تھا، پہلی بار اسے دل کی تکلیف ہوئی تو ڈاکٹر کے پاس گئے،ملک مقصود غریب آدمی تھا، میں حلفیہ کہتا ہوں ملک مقصود کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ شریک ملزم ملک مقصود کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ شریک ملزم ملک مقصود کی میت دبئی سے لاہور لائی گئی۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق میت نجی ائیر لائن سے گزشتہ روز رات 9 بجے لاہور پہنچی۔ جس کے بعد ملک مقصود کی میت ماڈل ٹاؤن میں ان کے گھر پہنچائی گئی جس کے بعد نشتر پارک ٹاؤن شپ میں نماز جنازہ کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔یاد رہے کہ مقصود احمد کا نام وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں استعمال ہوتا رہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے دور میں مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ذاتی ملازم مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کیے۔