قیام پاکستان سے اب تک کے قرض کا PTI حکومت نے 80 نہیں 76 فیصد لیا، شوکت ترین کااعتراف

12 جون ، 2022

اسلام آباد( رپورٹ:رانا مسعود حسین ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر خزانہ سینٹر شوکت ترین نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے قومی اسمبلی میں کی گئی بجٹ تقریر کے چند تاریخی اعدادو شمارکی انتہائی دلچسپ انداز میں وضاحت کرتے ہوئے خود ہی اعتراف کرلیا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد کے 72سالوں میں آ نے والی تمام حکومتوں نے جتنا قرضہ لیا ہے ، پی ٹی آئی حکومت کے دور میں اس کا 80 فیصد نہیں بلکہ صرف 76فیصد قرضہ لیا گیا ہے ،انہوں نے ہفتہ کے روز عمر ایوب خان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اعداوشمار جھوٹ نہیں بولتے بلکہ آپ کا منہ چڑھاتے ہیں، یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں کی گئی بجٹ تقریر کے دوران کہاتھاکہ عمران خان حکومت نے اپنے چار سالہ دور میں 20ہزار ارب روپے قرضہ لیا ہے ، جوکہ 71سال میں آنے والی تمام حکومتوں کی جانب سے لئے گئے قرضوں کے 80 فیصد کے برابرہے۔