چیف جسٹس نے کل سے شروع ہونیوالے 5روزہ عدالتی ہفتہ کیلئے 6بنچ تشکیل دیدیئے

12 جون ، 2022

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس عمر عطا ء بندیال نے کل سے شروع ہونے والے پانچ روزہ عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد میں مختلف مقدمات کی سماعت کے لئے معمولی ردو بدل کے ساتھ معمول کے 4 جبکہ دو عدد لارجر بنچ تشکیل دےدیئے ہیں ،بنچ اول چیف جسٹس ،عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ اے ملک ،بنچ دوئم جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین ، بنچ سوئم جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندو خیل جبکہ بنچ چہارم جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا ،آئندہ ہفتہ کے دوران جن اہم مقدمات کی سماعت ہوگی ،ان میں گندم کوٹہ الاٹمنٹ کیس ،کے پی کے،کے قبائلی علاقوں میں ہوائی حملوں کے دوران ہونے والے شہریوں کے نقصانات کے ازالہ سے متعلق دائر درخواستیں ، لاہور کے میانی صاحب قبرستان کا تنازعہ کیس ،پنجاب میں صاف پانی سکینڈل کیس ،سندھ میں گنے کے کاشتکاروں کو معاوضہ کی ادائیگی کے دوران خرد برد کرنے کے ملزمان کی ضمانت کی منسوخی کیلئے دائر نیب کی درخواست ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خرد برد کے ملزم کے خلاف دوبارہ انکوائری کرنے سے متعلق کیس ،موٹر وے پر موٹر سا ئیکلوں کے داخلہ پر پابندی سے متعلق کیس ،بلوچستان میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس ،زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے تعلق رکھنے والے افسران کی ضمانت منسوخی سے متعلق کیس اورایڈن گارڈن ہائوسنگ سکیم لاہور سے متعلق از خود نوٹس کیس شامل ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ13 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج ، شوکت عزیز صدیقی کی اپنی برطرفی کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرے گاجبکہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال ہی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 14 جون کو تحقیقاتی اور استغاثہ کے اداروں میں ممکنہ حکومتی مداخلت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کرے گا ۔