ڈائریکٹر فوڈ پنجاب نے مختلف اضلاع میں 5نئے ڈی ایف سیزمقررکر دیئے

12 جون ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) ڈائریکٹریٹ آف فوڈ پنجاب نے اپنے پانچ افسروں کو موجودہ عہدوں سے ہٹا دیا ہے اور ان کو نئے اضلاع میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے وائس چیئرمین عاطف ندیم مرزا نے جنگ کو بتایا کہ آرڈر نمبر اے ڈی ایف (ایڈمن) تھری ٹی اینڈ پی 2022ء کے ذریعے محمد شعیب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جو کہ فی الوقت سٹوریج اینڈ انفورسمنٹ آفیسر راولپنڈی کے طور پر کام کررہے ہیں اُن کو رحیم یار خان کا ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی آرڈر نمبر کے تحت مشتاق احمد سٹوریج آفیسر جو پاک پتن میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی حیثیت سے تعینات ہیں کو ساہیوال کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی پوسٹ کا اضافی چارج دیدیا گیا ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف فوڈ کے اسی حکم کے تحت عبدالمجید ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر رحیم یار خان کو ٹرانسفر کر کے اٹک کا ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مقرر کر دیا گیا ہے۔ رانا خالد اکرم سٹوریج آفیسر فوڈ ڈائریکٹریٹ پنجاب لاہور کو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی مقرر کیا گیا ہے۔ رب نواز شہزاد جعفری سٹوریج آفیسر جو فی الوقت ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں کو ٹرانسفر کر کے فوڈ ڈائریکٹریٹ پنجاب لاہور رپورٹ کرنے کا حکم جاری ہوا ہے۔ حسنات آصف سٹوریج آفیسر جو فی الحال ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اٹک کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں‘ وہ ٹرانسفر کر کے فوڈ ڈائریکٹریٹ پنجاب لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔