حکومت کا تیل اور گیس سے 1.144 ٹریلین روپے اکٹھا کرنے کا منصوبہ

12 جون ، 2022

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے تیل اور گیس سے 1.144 ٹریلین روپے اکٹھا کرنے کا منصوبہ بنالیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک اہم پیش رفت میں موجودہ حکومت نے اگلے بجٹ سال میں تیل اور گیس کے شعبے سے 1.144 ٹریلین روپے کی آمدنی حاصل کرنے کا تخمینہ لگایا ہے جس میں اگلے مالی سال 2022-23 میں رخصت ہونے والے مالی سال میں 25 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی شکل میں گیس صارفین سے 200 ارب روپے شامل ہیں۔ حکومت نے پی او ایل مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کے 610 ارب روپے کے بجٹ کے ہدف کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کے ذریعے 750 ارب روپے کی آمدنی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ تاہم حکومت رواں مالی سال کے اختتام تک 135 ارب روپے کمانے کی توقع کر رہی ہے۔ حکومت نے 30 جون 2022 کو رخصت ہونے والے مالی سال کے اختتام پر 30 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں قدرتی گیس کے ترقیاتی سرچارج کی مد میں 40 ارب روپے کی آمدنی حاصل کرنے کا بھی تخمینہ لگایا ہے۔