شعبہ صحت پر اخراجات میں 30 فیصد اضافہ ہوا‘ اقتصادی سروے

12 جون ، 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ قومی اقتصادی سروے کے مطابق شعبہ صحت پر اخراجات میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی دستاویز کے مطابق شعبہ صحت کے اخراجات میں اضافے کا بڑا سبب کورونا پر ہونے والے اخراجات ہیں۔ پاکستان میں شعبہ صحت پر ہونے والا خرچ مجموعی جی ڈی پی کا 1.2 فیصد رہا۔ یہ مالی سال 2019.20 میں 1.1 فیصد تھے۔ قومی ادارہ برائے شماریات کے ڈیٹا کی بنیاد پر دیئے گئے اعداد و شمار کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2020 میں 505.4 ا رب روپے صحت پر خرچ ہوئے جو 2021 میں 657.2 ارب روپے رہے۔ مالی سال 2021 میں صحت کے شعبے پر خرچ کردہ کل رقم کو سرکاری سطح پر تسلیم شدہ پاکستان کی آبادی ساڑھے 22 کروڑ پر تقسیم کیا جائے تو یہ فی کس 2920 روپے بنتے ہیں۔ یونیسیف اور دیگر ذرائع سے جمع کردہ ڈیٹا کے مطابق پاکستان کی آبادی سالانہ دو فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے۔