مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کا پر تشدد آپریشن، نوجوان شہید بھارت شہریوں کو قتل کی تحقیقات یقینی بنائے، ایمنسٹی

12 جون ، 2022

سرینگر، نئی دہلی (اے پی پی، آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کولگام میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کوکولگام کے علاقے کھانڈی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ادھر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں شہریوں کے قتل کے حالیہ واقعات کی فوری، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی شاخ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکام کو کشمیری عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا بورڈ کے چیئر مین آکر پاٹیل نے بیان میں کہا کہ اگر ہم متاثرین کو انصاف کی فراہمی اور زیادتیوں کے واقعات کو روکنا چاہتے ہیں تو بھارتی حکام کو چاہیے کہ وہ فورسز کو حاصل استثنیٰ کو ختم کرے جس کی وجہ سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے انسانی حقوق منظم طریقے سے نظر انداز کیے جارہے ہیں۔