سود کیخلاف شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ علماء

12 جون ، 2022

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) بجٹ میں سودی نظام سے چھٹکارے کے لئے کوئی قدم نہ اٹھانا حکمرانوں کی غیر سنجیدگی کا پتہ دیتا ہے، کاش کہ سود کی لعنت سے نجات کے لئے بھی مشکل فیصلے کئے جاتے، ملک اقتصادی طور پر دیوالیہ ہونے کے قریب ہے اور فحاشی و عریانی کے فروغ کیلئے سینماؤں کو ٹیکس میں چھوٹ دی جا رہی ہے۔ سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی، جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی، مولانا عبدالقیوم حقانی، مولانا قاری اللہ داد، مولانا قاری جمیل الرحمٰن اختر، مولانا عبدالرؤف محمدی، مولانا عبدالحفیظ محمدی اور دیگر نے بجٹ پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم سودی نظام سے جان نہیں چھڑاتے مالی مشکلات کا شکار رہیں گے کیونکہ اللہ کے ساتھ اعلان جنگ بھی ہو اور خوشحالی بھی آئے یہ ممکن نہیں۔ حکمران غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اشرافیہ اور مخصوص طبقات کو نواز رہے ہیں جس پر تمام طبقات کو صدائے احتجاج بلند کرنی چاہئے۔