ٹاہلی موہری کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت

12 جون ، 2022

راولپنڈی (جنگ نیوز) المدینہ فلاحی تنظیم ٹاہلی موہری کا ہنگامی اجلاس زیرصدارت ٹھیکیدار چوہدری صفدر ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹاہلی موہری کے علاقوں کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدیمی جامعہ مسجد سے ملحقہ گلیوں بائیس‘ سترہ اور اٹھارہ میں پانی ناپید ہو چکا ہے۔ علاقہ بھر میں ٹینکر مافیا فی ٹینکر تین ہزار روپے وصول کر رہا ہے جس کے مہنگائی کے بڑھتے طوفان میں ہزاروں غریب عوام متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر اور اسٹیشن کمانڈر سے اپیل کی کہ وہ علاقے کے عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کریں۔