طاقتور حلقے سیاسی و معاشی بحران سے پریشان، بجٹ کے بعد حکومت ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائے گی، عمران خان

12 جون ، 2022

اسلام آباد(خبرایجنسی، مانیٹرنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہاہےکہ انہوں نے طاقتور حلقوں کے پاؤں پکڑنے کے بجائے عوام کے پاس جانے کا فیصلہ کیا، طاقتور حلقےسیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہیں، بجٹ کے بعد حکومت ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہوجائیگی،موجودہ حکومت کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، عالمی اداروں کو بھی انکی نااہلی کا پورا یقین ہے۔صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہوچکے ہیں، موجودہ صورت حال سے نکلنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ اسلام آباد لائیں گے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھر پور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ دیگر اہم تعیناتیاں کی جا رہی ہیں، پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔