پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس، وزیر خزانہ کا بعض جواب دینے سے گریز

12 جون ، 2022

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں بعض سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا،مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کا بجٹ دستاویزات میں اندراج غلطی سے رہ گیا ،اس سوال پر کہ بجٹ دستاویزات میں آئی ایم ایف اور چین کے آئندہ مالی سال کے دوران ملنے والے قرضے کےا عدادوشمار نہیں دیئے گئے کیا اس کا مطلب یہ سمجھا جائے کہ آئی ایم ایف کاپروگرام بحال نہیں ہورہا تو اس پر انہوں نے ایڈیشنل سیکریٹری بجٹ تنویربٹ سے کہا کہ وہ جواب دیں ،جس پر ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا کہ یہ آخری لمحات میں بجٹ کی تیاری کےد وران رہ گیا۔ آئندہ چند روز میں تصدیق کر کے شامل کر دیاجائے گا اس پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئندہ برس آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کا بجٹ دستاویزات میں اندراج غلطی سےر ہ گیا ،جب مفتاح اسماعیل سے پوچھا گیا کہ یہ بتایا جائے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ڈالر کے کس ریٹ پر بنایا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اس کا جواب دینا نہیں چاہتا ، قبل ازیں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے فروری میں پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دے کر آئی ایم ایف معاہدے کے خلاف ورزی کی ، آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے انہوں نے کہا کہ انفرادی انکم ٹیکس کے معاملے پر آئی ایم ایف خوش نہیں ۔