آئندہ مالی سال کیلئے 5 لاکھ37 ہزار سے زائد نئے گیس کنکشنز کا ہدف مقرر

12 جون ، 2022

اسلام آباد(عاطف شیرازی )ملک میں گیس کی قلت اور موجودہ صارفین کیلئے پوری گیس دستیاب نہ ہونے کے باوجود حکومت نے الیکشن ائیر میں لاکھوں نئے گیس کنکشنز کا پلان تیار کرلیا-آئندہ مالی سال کیلئے پانچ لاکھ سینتیس ہزار سے زائد نئے گیس کنکشنز کا ہدف مقرر کردیا گیا-رواں مالی سال کے نظر ثانی ہدف سے ایک لاکھ زیادہ، 30 جون تک کنکشنز کاتخمینہ3 لاکھ87 ہزار سے زائد ہے،دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے 5 لاکھ 37ہزار نئے گیس کنکشنز کا ہدف مقرر حل کیا گیا ہے جو رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں ایک لاکھ زیادہ گیس کنکشنز بنتے ہیں-آئندہ مالی سال کیلئے 5 لاکھ 33 ہزار گھریلو-3 ہزار 575 کمرشل اور 485 نئے صنعتی گیس کنکشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے-نئے سال کے دوران سوئی ناردرن گیس کمپنی کیلئے یعنی اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختون میں 4 لاکھ 3 ہزار نئے گیس کنکشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہےجس کے تحت 2800 کمرشل اور 250 صعنتی گیس کنکشنز کو ہدف کا حصہ بنایا گیا ہے-اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی یعنی سندھ اور بلوچستان میں ایک لاکھ34ہزار نئے گیس صارفین کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت 775 کمرشل اور 235 صنعتی گیس کنکشنز کو بھی ہدف کا حصہ بنایا گیا ہے -رواں مالی سال کیلئے نئے گیس کنکشنز کا اصل ہدف13 لاکھ33 ہزار938 مقرر کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں نظرثانی کے بعد نئے گیس کنکشنز کا ہدف 4 لاکھ37 ہزار 236 بنتا ہے اور رواں سال تیس جون تک گیس کنکشنز کی فراہمی کا تخمینہ3 لاکھ87 ہزار712 لگایا گیا ہے۔