پاکستان سے نوکری کیلئے بیرونِ ملک جانے والوں کی تعداد میں 27.6 فیصد اضافہ

12 جون ، 2022

ااسلام آباد (این این آئی)مقامی سطح پر مارکیٹ میں روزگار مواقع میں کمی اور خاص طور پر کورونا وائرس کے وبائی امراض کے بعد سال 2021 میں بیرون ملک ملازمتیں تلاش کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27.6 فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا ۔2021 میں بیرون ملک ملازمت کیلئے 2لاکھ 86ہزار افراد نے رجسٹریشن کروائی،سب سے زیادہ کا تعلق پنجاب سے ہے،میڈیا رپورٹ کے مطابق بیورو آف امیگریشن اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے مطابق 2021 میں بیرون ملک ملازمت کیلئے 2لاکھ 86ہزار 648 افراد نے اپنی رجسٹریشن کروائی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 27.6 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔بی ای او ای کے مطابق سال 2021 میں غیر ہنر مند پاکستانیوں میں سے (54 فیصد) نے سعودی عرب، (13.4 فیصد) نے عمان اور (13.2 فیصد) نے قطر کیلئے رجسٹریشن کروائی، 2020 کے مقابلے میں 2021 میں رجسٹرڈ تارکین وطن کی تعداد میں مجموعی طور پر بڑھا اضافہ دیکھا گیا ہے۔بیرونِ ملک کیلئے رجسٹریشن کروانے والے سب سے زیادہ افراد کا تعلق پنجاب سے ہے، جن کی تعداد ایک لاکھ 56ہزار 877 ہے، اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 76ہزار 213 افراد تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے بتایا کہ آنے والے مہینوں میں ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کے دوبارہ کھلنے اور ویکسین سمیت مختلف حفاظتی اقدامات اور مختلف ممالک میں ملازمت کے مواقع ملنے کے بعد انسانی وسائل کی طلب میں بہتری آنے کا امکان ہےبی ای او ای نے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (نیوٹیک) کے درمیان روابط قائم کیے ہیں تاکہ بیورو کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ملازمتوں اور نیوٹیک کے زیر انتظام تربیت یافتہ ملازمت کے متلاشی افراد کا ڈیٹا کا موازنہ کیا جاسکے، ان کے درمیان ایک ایم او یو پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔