وزیراعظم نے 4نئے معاونین خصوصی مقرر کردیئے،کابینہ کی نصف سنچری

12 جون ، 2022

اسلام آ باد( رانا غلام قادر)وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ کا حجم بھی بتدریج بڑھ رہا ہے،وزیر اعظم نے 4نئے معاونین خصوصی مقررکردیئے ہیں جس کے بعد کل تعداد52ہوگئی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے ان تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ کی نصف سنچری مکمل ہوگئی ہے، سینیٹر حافظ عبد الکریم، جنید انور چوہدری ، شیخ فیاض الدین اور رومینہ خورشید عالم کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقررکیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں نئے تعینات تمام 4 معاونین خصوصی کو قلمدان نہیں دیا گیا، سینیٹر حافظ عبد الکریم کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا ، باقی تعینات نئے 3 معاونین خصوصی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا،وزیر اعظم کی کابینہ میں وفاقی وزراء کی تعداد34،وزراء مملکت 6 ، مشیر 4 اور معاونین خصوصی 8ہیں، مشیروں میں قمر الزمان کا ئرہ ،انجینئر امیرمقام، عون چوہدری اوراحدخان چیمہ شامل ہیں۔