حیدر آباد، کاروباری و تجارتی مراکز رات آٹھ بجے بند کرنے کے اعلان پر عملدرآمد شروع

12 جون ، 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی بچت کے لئے کاروباری و تجارتی مراکز رات آٹھ بجے بند کرنے کے اعلان پر حیدرآباد میں ہفتہ کی شب سے عملدرآمد شروع ہوگیا۔ حیدرآباد کے تاجروں نے ہفتہ کی شب رضا کارانہ طور پر شہر کی تمام مارکیٹیں‘ بازار رات آٹھ بجے بند کردیئے تاہم ہوٹل اور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ‘ بیکریاں‘ میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری اشیاءکی دکانیں کھلی تھیں۔ ہفتہ کو شاہی بازار‘ ریشم گلی‘ ملحقہ بازار‘ اسٹیشن روڈ‘ رسالہ روڈ‘ مارکیٹ ٹاور‘ کلاتھ مارکیٹ‘ لطیف آباد نمبر 8 جامع کلاتھ مارکیٹ اور شہر کے دیگر علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں رات آٹھ بجے بند کردی گئیں۔