سراج درانی گورنر سندھ ہیں، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، وکیل ،آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت ملتوی

12 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی و قائم مقام گورنر آغا سراج درانی و دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس کی کارروائی بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی۔ ہفتے کو احتساب عدالت میں آمدن سے زیادہ اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ وکیل صفائی کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا کہ آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اسلئے انکو حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے۔ عدالت نے سماعت بغیر کارروائی کے 24 جون تک ملتوی کردی ۔واضح رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر ملزمان پر آمدن سے زیادہ اثاثہ جات بنانے کا نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر ہے۔