انتخابات ہونے کے باوجود عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں،مصطفیٰ کمال

12 جون ، 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انتخابات ہونے کے باوجود عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں کیونکہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ کراچی سے انتخابات جیتنے والوں کی باتیں 5 فیصد بھی درست ہوتیں تو شہر کے یہ حالات نہ ہوتے۔ ہمیں چوروں نے نہیں بلکہ جنہیں ہم نے اپنے ووٹوں سے چوکیدار بنایا تھا انہوں نے لوٹا ہے۔ وزیراعظم، وزیراعلی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت تمام افسران سیٹوں پر موجود ہیں اس کے باوجود بھی ہمارے حالات بد سے برتر ہوتے جارہے ہیں، جو حکمران آتا ہے وہ پہلے سے زیادہ کرپٹ اور ظالم ثابت ہورہا ہے۔ میڈیا پر باتوں کی چیمپئین شپ کھیلنے والوں کو اس ملک اور اسکی معاشی انجن کے نا تو مسائل کا ادراک ہے اور نا ہی مسائل کو حل کرنے کا علم ہے،لوگ گواہ ہیں کہ کراچی آخری بار ہمارے ہاتھوں سے بنا تھا۔ ہمارے بعد آنے والے ہمارے کام کو سنبھال بھی نا سکے۔ ہمارے علاوہ کراچی سمیت پورے پاکستان کے مسائل کو کوئی اور حل نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل پارک لانڈھی نمبر 2 یوسی 15 عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت نے پچھلے تیرہ برسوں میں ایک قطرہ اضافی پانی کراچی کو نہیں دیا بلکہ جو پانی لائنوں میں آرہا تھا اسے بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹس بناکر کراچی والوں کو بیچا جا رہا، کوٹہ سسٹم کا کوٹہ بھی نہیں دیا جارہا، سندھ حکومت کی اعلان کردہ ڈھائی لاکھ نوکریوں میں سے کراچی والوں کو ایک بھی نوکری نہیں ملی بلکہ جعلی ڈومیسائل بنا کر کراچی سے باہر والوں کو نوکریاں دے دی گئیں۔ لانڈھی اور کورنگی کے عوام اپنے مینڈیٹ کو بار بار بیچنے والوں کو پہچانیں اور ووٹ دینے سے پہلے نمائندوں کا کردار اور کارکردگی دیکھیں نہ کہ کسی لسانی نعرے پر ووٹ دیں۔