نئی ڈرامہ سیریل ”زخم“ کا جیو ٹی وی“ پر کامیاب آغاز

12 جون ، 2022

کراچی (محمد ناصر) ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی نئی ڈرامہ سیریل ”زخم“ کی پہلی قسط ہفتے کی رات 9 بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی گئی۔ ناظرین کی اکثریت نے زخم کو سراہا، حسد، لالچ اور تکبر جیسی معاشرتی بد نمائی کا احاطہ کرتی ردا بلال کی تحریر کردہ اس کہانی میں ایک خود سر بزنس ٹائیکون ایک معصوم لڑکی کے خوابوں کے گرد بے بسی کا جال بچھا رہا ہے۔ خوبصورت عکس بندی اور باصلاحیت اداکاروں کی حقیقت سے قریب تر اداکاری نے سید رامش رضوی کی ہدایات میں ناظرین کو پہلے ہی اپنے سحر میں گرفتار کرلیا ہے۔ ڈرامہ سیریل کے جذباتی اور درد بھرے ساؤنڈ ٹریک کو شانی ارشد نے اپنی خوبصورت کمپوزیشن اور آواز کے ساتھ صابر ظفر کے لکھے ہوئے گیت سے ترتیب دیا ہے۔ کہانی جیسے جیسے آگے بڑھے گی اپنوں کے دیئے ہوئے ستم اور اپنا بنانے والے بے حس انسان کے دیئے ہوئے گھاؤ ایک حساس دِل رکھنے والی لڑکی کی زندگی تنگ کردیں گے، پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی اِن ہی حالات میں اُسے جینے کا حوصلہ سکھائیں گے؟ یہ سارا احوال اس سیریل کے دوران پیش کیا جائے گا۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں آغا علی، سحر خان، اظفر رحمان، ربینہ اشرف، وسیم عباس، ثنا فاخر، سلمیٰ حسن، کامران جیلانی اور سدرہ نیازی شامل ہیں۔