جناح ائیر پورٹ رن وے تعمیری ٹھیکے میں بے ضابطگی،CAA و دیگر کو نوٹس

12 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ رن وے کی از سر نو تعمیرات کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگی کیخلاف پاکستان سول ایوی ایشن، گریونس ریڈریسل کمیٹی و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہفتہ کو ہائی کورٹ میں جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ رن وئے کی از سر نو تعمیرات کے ٹھیکے میں مبینہ بے ضابطگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کمپنی نے تمام قوائد کے مطابق ٹھیکے کیلئے رجوع کیا۔ درخواست گزار کمپنی رن وے کی تعمیر کیلئے مکمل اہلیت اور وسیع تجربہ رکھتی ہے۔ درخواست گزار کی کمپنی اس سے قبل ڈیم، پاور پلانٹس اور ائیر پورٹ بنانے کے منصوبے مکمل کر چکی ہے اس اعتبار سے ہمارے پاس وسیع تجربہ ہے۔ کمیٹی نے درخواست گزار کو امتیازی سلوک کر کے ٹھیکے کے عمل سے باہر کیا۔ رن وے کی از سر نو تعمیر سے متعلق ٹھیکے کے عمل کو روکا جائے۔ کمیٹی کو درخواست گزار کا جائز موقف سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی جائے۔ عدالتی فیصلہ آنے تک رن وے از سر نو تعمیر ٹھیکے کی کارروائی روکدی جائے۔ عدالت نے پاکستان سول ایوی ایشن، گریونس ریڈریسل کمیٹی و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے سول ایوسی ایشن حکام سے 24 جون تک جواب طلب کرلیا جبکہ عدالت نے درخواست گزار کمپنی کو فوری حکم امتناعی دینے سے انکار کردیا۔