اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس پر ایم کیو ایم لندن گروپ کی ریلی، بانی متحدہ کی تصاویر کیساتھ علاقوں میں گشت

12 جون ، 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) لطیف آباد اور سٹی ایریا میں اے پی ایم ایس او کے یوم تاسیس کے موقع پر ایم کیو ایم لندن گروپ کی جانب سے لطیف آباد ارور سٹی ایریا میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے بانی متحدہ کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور بانی متحدہ کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ ریلیوں نے لطیف آباد اور شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کیا اور شاہراہوں اور چوراہوں پر ایم کیو ایم لندن اور بانی متحدہ کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر بانی متحدہ کی تصاویر کے پوسٹر بھی فروخت کیے گئے‘ پابندی کے باوجود ریلیاں نکالنے پر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سٹی ایریا میں بھائی خان چاڑی سے آفتاب ماموں‘ ارشد نصیر‘ لطیف آباد طیبہ مسجد کے قریب سے معیز زاہد‘ فقیر کے پڑ سے بابر عرف جونی اور اے پی ایم ایس او کے تین کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم لندن پر پابندی کے باوجود ریلی نکالنے پر ان کے کارکنوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔