پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ایگزیکٹیو بورڈ ممبرز میں تبدیلی کا فیصلہ

12 جون ، 2022

کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ایگزیکٹیو بورڈ ممبرز میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ، بین الصوبائی رابطے کی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بورڈ ارکان میں پنی جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی بعض شخصیات کی تقرری کی تھی،پچھلا بورڈفروری 2022 میں تشکیل دیا گیا تھا،جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق 13جون پیرکو ہونے والا پی ایس بی بورڈ کا اجلاس بعض شکایات اور چند فیڈریشن کے تحفظات کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے، اس اجلاس میں سابقہ وزیر کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں کی منظوری دی جانی تھی جس میں بعض متنازع معاملات بھی شامل ہیں جس پر کھیلوں کی فیڈ ریشنوں کے شدید اعتراضات ہیں، پی ایس بی کے آئین میں کی جانے والی ترامیم پر بھی پی او اے سمیت فیڈریشنوں کو بھی اعتراضات ہیں،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے حال ہی میں پی ایس بی کے نئے آئین کو بھی اولمپک مخالف چارٹر قرار دیا ہے،فیڈریشنوں کا کہنا ہے کہ یہ آئین کھیل اور کھلاڑیوں کے مخالف ہیں، انہوں نے پی ایس بی کےاجلاس میںنئے آئین کی بھی جانچ پڑتال کا موقف اختیار کیا ہوا ہے،ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فیڈریشن اپنے بین الاقوامی ادارے کے خلاف نہیں جا سکتی۔اس لئے اس میں تبدیلی کی جائے، پی ایس بی کے ملتوی شدہ اجلاس میں کامن ویلتھ گیمز، اسلامک گیمز اور اگلے سال ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہونے تھے۔