فلم ’ لندن نہیں جاؤں گا‘ کا پوسٹرصارفین کو تفریح کیلئے نیا موضوع

12 جون ، 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ہمایوں سعید کی فلم ’ لندن نہیں جاؤں گا’ کے پوسٹرنے سوشل میڈیا صارفین کو تفریح طبع کے لیے نیا موضوع فراہم کردیا۔عید الضحیٰ پر ریلیزکی جانے والی اس رومانٹک کامیڈی فلم کا پوسٹرگزشتہ روزریلیزکیا گیا ،جس کی دیگرکاسٹ میں مہوش حیات اور کبریٰ خان شامل ہیں۔اس رنگا رنگ پوسٹرمیں ہمایوں سعید اسنیکرز کے ساتھ لاچا کرتا گھوڑے کی باگیں کھینچتے دکھائی دے رہے ہیں، بظاہرتواس پوسٹرمیں کوئی خامی نہیں دکھائی دیتی لیکن سوشل میڈیا صارفین کہیں چُوکتے نہیں۔پوسٹرریلیزکے ساتھ ہی صارفین نے اپنے تبصروں میں فلم کے نام اورہمایوں سعید کے گیٹ اپ میں کوئی مطابقت نہ پاکرتنقید کے نشتربرسائے۔بیشترصارفین نے شکوہ کیا کہ وہ ایک ہی جیسے ناموں، اداکاروں اور کہانی سے تنگ ہیں، فلم کا نام دیکھیں اور یہ پوسٹر دیکھیں، کیااور کچھ نہیں ملا تھا۔فلم کے فلاپ ہونے کی پیشگوئی کےساتھ بیشترنے دھمکی بھی دے دی کہ فلمسازبین الاقوامی رجحانات کے مطابق کچھ منفردآئیڈیاز پرکام کریں ورنہ وہ تو یہ فلم دیکھنے سینما گھروں کا رخ نہیں کرنے والے۔لندن نہیں جاؤں گا کے ڈائریکٹربھی ندیم بیگ ہیں جو اس بات کو واضح کرچکے ہیں کہ یہ فلم سال 2017 میں ریلیزکی جانے والی مہوش اور ہمایوں کی ‘پنجاب نہیں جاؤں گی’ کا سیکوئل نہیں ہے بلکہ یہ ایک منفرد کہانی کے ساتھ اسی طرزکی رومانٹک کامیڈی فلم ہے۔دلچپ امریہ ہے کہ ندیم بیگ مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘میرے پاس تم ہو’ کے ڈائریکٹربھی تھے اور اس فلم کی کہانی ڈرامہ لکھنے والے خلیل الرحمان قمرکی ہی تحریرکردہ ہے۔