بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کو تعلیم دلانے کی ضرورت ہے،مریم ادریس

13 جون ، 2022

راولپنڈی (خبر نگار) سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی رہنما مریم ادریس نےکہا ہے کہ کم عمر بچوں سے آج بھی مشقت کا کام لیا جا رہا ہے۔ ورکشاپس ، کارخانوں ، فیکٹریوں اور مارکیٹوں میں بڑی تعداد میں بچے کام کرتے نظر آتے ہیں۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کو تعلیم دلانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ مستقبل میں اچھے اور ذمہ دار شہری بن کر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں تو ملک میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو جبری مشقت سے بچانے کیلئے مختلف قوانین توموجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں چائلڈ لیبر میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ ننھے پھولوں اور مستقبل کے معماروں کو محفوظ بنایا جا سکے۔