490روپے میں دس کلو‘ 980میں بیس کلو آٹا یقینی بنایا جائے‘ ڈپٹی کمشنر اٹک

13 جون ، 2022

فتح جنگ (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین نے اچانک دورہ فتح جنگ تجاوزات کی بھرمار پر اظہار برہمی کیا۔ انہوں نے تحصیل فتح جنگ میں مختلف کھاد سیل پوائنٹ کا دورہ کیا۔ کسانوں کو مقررہ نرخوں پر کھاد کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو حکومتی ہدایات کے مطابق کھاد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈی سی نے کہا کہ کسان صرف اپنی ضرورت کے مطابق کھاد خرید کریں اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں، انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور مقررہ نرخوں سے زائد پر کھاد فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ 490روپے میں دس کلو‘ 980میں بیس کلو آٹا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سستے آٹا کی دستیابی، معیار اور مقدار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو سستا اور معیاری آٹا انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔