تیسرا ون ڈے شاداب نے ون مین شو بنا دیا، پاکستان کی فتح، سیریز کلین سوئپ

13 جون ، 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے خلاف شاداب خان نے تیسرا ون ڈے ون مین شو بنادیا، ان کی میچ وننگ کارکردگی کے باعث پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس سسٹم پربا آسانی53 رنز سے جیت لیا ۔ 86رنز بنانے کے بعد شاداب خان نے 62رنز دے کر چار کٹ حاصل کئے اور مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔امام الحق مین آف دی سیریز قرار پائے۔ ناکام ٹیم 37.2اوورز میں216رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان نے ملتان میں سیریز میں کلین سوئپ کرتے ہوئے آئندہ سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں کوالی فائی کرنے کے امکانات روشن کر لئے۔ پاکستان نے آخری دس میں سے آٹھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف چھٹی بار سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا اور بابر کی کپتانی میں چوتھی ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا، زمبابوے اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی تھی۔ شاداب خان نے کیریئر کا بہترین اسکور کرتے ہوئے78 گیندوں پر86 رنز بنائے۔ تین چوکے اورچار چوکے مارے یہ ان کی چوتھی ون ڈے نصف سنچری تھی۔ شاداب اور خوش دل نے91گیندوں پر86رنز بناکر پاکستانی بیٹنگ کو استحکام دیا۔ ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن میں عقیل حسین نے سب سے زیادہ60رنز37 گیندوں پرچھ چھکوں اوردو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ وہ خطرناک دکھائی دے رہے تھے ۔ شاداب کی گیند پر حارث نے انہیں اسٹمپڈ کیا۔ کیسی کارٹی نے33اور کیمو پاول نے21رنز کی اننگز کھیلی۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے شاہ نواز دھانی نے اپنے دوسرے اوور میں کائل میئرز کی وکٹ حاصل کرلی۔ شائے ہوپ 21رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ نوجوان محمد وسیم نے بروکس کو 18رنز پر بولڈ کرکے تیسرا نقصان پہنچایا ۔ 11 رنز بناکر نکولس پوران نے محمد نواز کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش کی اوربائونڈری پر خوش دل کو کیچ دے بیٹھے۔ اتوار کو پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور9وکٹ پر 269رنز بنائے۔ میچ کے دوران جھکڑ اور تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث ایک گھنٹے کیلیے کھیل روکا بھی گیا جس کے بعد میچ کو 48، 48اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ امام الحق اور فخر زمان نے 86رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا پھر پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ نان ریگولر آف اسپنرپوران کی بولنگ پر لڑکھڑائی اور117رنز پر پانچ وکٹ گر گئے۔ پانچ بیٹسمین صرف32رنز کے اضافے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ امام الحق نے68گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے 62رنز بنائے۔ خوش دل شاہ نے43گیندوں پر34رنز بنانے کے لئے تین چوکے مارے۔ فخر زمان نے سیریز میں اپنی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی، 35رنز بنائے۔ محمد رضوان 11اور بابر اعظم ایک رن بناسکے۔ محمد حارث جنہیں آخری میچ میں وکٹ کیپنگ دی گئی وہ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ نکولس پوران نے 48رنز دے کر 4 جب کہ کیمو پال نے 57 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔