امام کی سیریز میں تیسری، ون ڈے میچز میں مسلسل 7 ویں ففٹی

13 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں اوپنر امام الحق نے نصف سنچری بنائی۔ یہ پاکستان کی جانب سے ان کی مسلسل ساتویں نصف سنچری ہے۔ جاوید میاں داد کو سب سے زیادہ9 لگاتار نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ البتہ کپتان بابر اعظم کے بڑے اسکورز کا تسلسل ٹوٹ گیا، وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 12اننگز کے بعد پہلی بار ڈبل فیگر میں داخل ہونے میںناکام رہے۔ امام الحق نے آسٹریلیا کے خلاف بھی تینوں میچوں میں پچاس سے زائد رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف امام الحق نے تین میچوں میں66کی اوسط سے199رنز بنائے ان کا سب سے زیادہ اسکور72رنز تھا۔ کپتان بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے واحد سنچری بنائی۔ بابر اعظم تیسرے میچ میں ایک رن بناسکے ۔ وہ سیریز میں181 رنز ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے بنانے میں کامیاب ہوئے۔ شاداب خان نے114رنز بنائے۔ محمد رضوان85رنز بناسکے۔ فخر زمان سیریز میں ناکام رہے انہوں نے تین میچوں میں63رنز بنائے۔ نوجوان محمد حارث کیلئے سیریز ڈرائونا خوااب ثابت ہوئی وہ تین میچوں میں چھ رنز بناسکے۔ حارث نے دو اننگز میں سخت دبائو میں بیٹنگ کی۔