آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس،وفاق کی طرف سے کٹ لگنے کی صورت میں بجٹ پیش نہ کرنیکا فیصلہ

13 جون ، 2022

مظفرآباد(جنگ نیوز ) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت آئندہ بجٹ کے حوالہ سے کابینہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے بجٹ پر کٹ لگنے کی صورت میں بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لئے آزاد کشمیر کابینہ کی کمیٹی،بجٹ پر کٹ کے حوالے سے آواز بلند کرنے کے لئےکمیٹیاں تشکیل، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لئے آزاد کشمیر کابینہ کی کمیٹی قائم گئی۔بجٹ پر کٹ کے حوالے سے آواز بلند کرنے کے لئے میڈیا کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ اجلاس میں قائم مقام صدر چوہدری انوار الحق نے خصوصی شرکت کی،وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، عبدالماجد خان،دیوان علی خان چغتائی، چوہدری محمد رشید،چوہدری اظہر صادق، سردار فہیم اختر ربانی، چوہدری محمد ارشد، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، چوہدری محمد اخلاق،چوہدری علی شان سونی، ظفراقبال ملک، چوہدری یاسر سلطان،مشیر برائے اوقاف وا مور دینیہ حافظ حامد رضا، معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی چوہدری محمد اقبال،پارلیمانی سیکرٹریز محترمہ تقدیس گیلانی، محترمہ امتیاز نسیم، محمد مظہر سعید و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بجٹ پر کٹ لگا رہی ہے جہاں پر پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہیں۔ یہ خطہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے پیش نظر دفاعی اہمیت کا حامل ہے، یہ خطہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے جو بجٹ پر کٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔