اسلام آبادمیں انڈرٹرائل قیدیوں کو ویڈیولنک کے ذریعے پیش کیاجائیگا

13 جون ، 2022

اسلام آباد(اے پی پی)آئی سی ٹی کریمنل جسٹس کورآڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں انڈر ٹرائل قیدیوں کو سنٹرل جیل اڈیالہ سےای کریمنل جسٹس سسٹم کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا ،ان فیصلوں پر عملدرآمد کا آغاز (کل)منگل 14جون 2022سے ہو گا ، اسلام آباد پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے ، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے تمام افسران کو ہدایات جاری کردیں۔واضح رہے کہ ضلع کچہری اسلام آباد میں انڈر ٹرائل قیدیوں کے لئے قائم بخشی خانہ میں گنجائش کم ہونے کی بنا پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی طرف سے ای کریمنل جسٹس سسٹم کے تحت قیدیوں کو آن لائن پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے تمام متعلقہ شعبوں کو عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انڈر ٹرائل قیدی جن کے چالان ابھی پیش ہونا باقی ہیں انہیں اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے ای کورٹ سسٹم کے تحت پیش کیا جائے گا جس سے بخشی خانہ میں قیدیوں کی مشکلات کو کم کرنے اور نقل مکانی کے دوران اٹھنے والے فیول کے اخراجات کو بچانے میں مدد ملے گی ۔اس اقدام سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کودوران نقل و حمل ، بڑی تعداد میں قیدیوں کو لانے لے جانے سے بھی چھٹکارا ملے گا اور اس حوالے سے لاحق خطرات میں بھی کمی آئے گی۔