ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کیخلاف تحقیقات کریگی،لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں،ق لیگی رہنما

13 جون ، 2022

لاہور( نیوز رپورٹر،جنگ نیوز،مانیٹر نگ سیل) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی پرویز الہٰی کے صاحبزادے اور مسلم لیگ ق کے ممبر قومی اسمبلی مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کریگی جبکہ مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ لالچ اور دھوکے سے قابو نہ آنے پر اب دباؤ ڈال رہے ہیں ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ مونس الہٰی اور ان کے خاندان کے لین دین کو چیک کرنے کے بعد حکومت کو آگاہ کیا گیا، حکومت نے شواہد کی روشنی میں مونس الہٰی کےخلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے،جبکہ مونس الہی نے کہا کہ ہزار مقدمات بنالیں، عمران خان کے ساتھ کا فیصلہ اٹل ، تمام اثاثے ڈیکلیئرڈ ہیں، اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کرونگا، ماضی میں بھی ہمارے خاندان پر اس طرح کےکیسز بنائے گئے،ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سےکافی شواہد جمع کیےگئے، مونس الہٰی اور ان کے خاندان کے لین دین کو چیک کیا گیا جس کے بعد حکومت کو آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے شواہد کی روشنی میں مونس الہٰی کےخلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے معاملے پر مونس الہٰی کا ردعمل سامنے آگیا۔ مونس الہٰی نے ʼبسم اللہ الرحمٰن الرحیم لکھ کر اپنے خلاف ایف آئی اے انکوائری کی خبرکا اسکرین شاٹ ٹویٹ کردیا۔