خالصتان کی حامی تنظیم کے سربراہ مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل

13 جون ، 2022

نئی دہلی (اے پی پی)بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے خالصتان کی حامی تنظیم انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن(آئی ایس وائی ایف)کے سربراہ لکھبیر سنگھ روڈے کو مطلوب ترین افرادکی فہرست میں شامل کرلیاہے اوران پر5لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لکھبیرسنگھ روڈے پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ دھماکوں اور سیاسی رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے لیے چھوٹا اور بڑا آتشیں اسلحہ ، ہیروئن اور دھماکا خیز موادلنچ باکسزمیں پنجاب بھیجتے ہیں۔ لکھبیر سنگھ روڈے کے علاوہ جو جرنیل سنگھ بھندرانوالے کے بھتیجے ہیں ، این آئی اے نے ان کے1اور ساتھی گورچرن سنگھ پر 2لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ این آئی اے نے 15مارچ 2022کو لکھبیرسنگھ روڈے، حبیب خان عرف ڈاکٹراور 4دیگر کے خلاف چارج شیٹ دائر کی جن میں فیروز پور کے سکھویندر سنگھ ، گورپریت سنگھ اور رنجیت سنگھ اور فازلکا کے پروین سنگھ شامل ہیں۔ بھارت سکھوں کی مقامی تحریک کو بدنام کرنے کے لیے جعلی کارروائیوں کاسہارالینے کی کوشش کر رہا ہے۔