چار روزہ فیٹف اجلاس اس ہفتے جرمنی میں ہوگا

13 جون ، 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر)چار روزہ فیٹف اجلاس اس ہفتے جرمنی میں ہوگا، حکام پاکستان کے گرے لسٹ سے اخراج کیلئے کافی پر امید ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کا اجلاس اس ہفتے 14 سے 17 جون 2022 تک برلن (جرمنی) میں ہوگا جہاں گرے لسٹ سے اخراج یا موجودہ حیثیت کے ساتھ چند ماہ کی مزید مدت میں توسیع کے حوالے سے پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہو گا۔ تاہم پاکستانی حکام کافی پر امید ہیں اور وہ اس مکمل اجلاس سے مثبت نتائج کی توقع کر رہے ہیں۔ اعلیٰ پاکستانی عہدیداروں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہمیں ابھی کیلئے اچھی امید ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہماری پیشرفت کافی ہے اور مختلف ارکان نے اسے سراہا ہے۔ تاہم اصل فیصلہ اجلاس میں کیا جائے گا جہاں کئی ممالک ہماری پیش رفت پر رائے دیں گے۔ جب عہدیدار سے استفسار کیا گیا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے سے پہلے کیا فیٹف ملک کی کارکردگی جانچنے کے لیے اپنی ٹیم آن سائٹ انسپکشن کے لیے بھیجے گا تو عہدیدار نے جواب دیا کہ ہاں اگر ملک تمام پوائنٹس کو کلیئر کر دیتا ہے تو وہاں کا آن سائٹ وزٹ ہوگا اور پھر گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔