پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بجٹ آج پیش کئے جائینگے

13 جون ، 2022

لاہور ،پشاور(نمائند گان جنگ )پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بجٹ آج پیش کئے جائینگے ۔ پنجاب اسمبلی کا مالی سال 23-20 22کا بجٹ اجلاس سپیکر چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت آج دوپہر 2 بجے شروع ہوگا،گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے جس کے بعد تمام تر قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں،گزشتہ روز تحریک انصاف اور اتحادی مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں میاں محمود الرشید کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا گیاجبکہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سبطین خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےکرنا ہے تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، خیبر پختونخوا حکومت آئندہ مالی سال2022-23کیلئے 1330 ارب سے زائد کا بجٹ آج پیش کریگی ، سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئےتقریباً 370ارب مختص ہوں گے جس میں صوبہ کے بندوبستی اضلاع کیلئے180ارب اور ڈسٹرکٹ ترقیاتی پروگرام کیلئے35ارب روپے شامل ہوں گے ،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں15فیصد سے زیادہ اضافہ کا امکان ہے، بجٹ میں قبائلی اضلاع کیلئے222ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، نئے مالی سال کے دوران تنخواہوں کی مد میں440اور پنشن کی مد میں 105ارب خرچ ہونگے، خیبر پختونخوا حکومت کی درخواست پر قائمقام گورنر مشتاق احمد غنی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج 13جون بروز پیر سہ پہر تین بجے طلب کرلیا ہے جس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم نئے مالی سال2022-23کا میزانیہ پیش کرینگے۔