یوکرین پر کروز میزائلوں سے روسی حملہ 22 افراد ہلاک اسلحہ ڈپو تباہ

13 جون ، 2022

ماسکو /کیف (اے ایف پی /جنگ نیوز )روس نےیوکرین پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے تازہ حملوں میں 22 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ، دوسری جانب یوکرین کےصدر نے مغربی ممالک سے مزید اسلحہ اور عسکری سامان دینے کی اپیل کی ہے ، روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں ایک بڑے اسلحہ ڈپو کو تباہ کر دیا گیا، روسی وزارت دفاع کے مطابق ٹرینوپولی ریجن میں واقع اس ڈپو میں کیف حکومت نے امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے دیا گیا اسلحہ ذخیرہ کر رکھا تھا، بتایا گیا ہے کہ کروز میزائل سے اس فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، یہ بھی کہا گیا ہے کہ روس نے یوکرین کے تین ایس یو 25فائٹر جیٹ مار گرائے ہیں۔دریں اثنا روسی فورسز نے یوکرین کے مغربی شہر چورٹ کیف پر میزائل حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں کم ازکم بائیس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، علاقائی گورنر کے مطابق ہلاک شدگان میں 7خواتین جبکہ ایک 12سالہ بچہ بھی شامل ہے،روسی افواج کی طرف سےیوکرین کے مغربی علاقوں میں حملے ایسے مقامات پر کئے جا رہے ہیں جہاں مغربی ممالک کی طرف سے دیئے گئے ہتھیار اور فوجی سازوسامان ذخیرہ کیا گیا ہے۔ادھر یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے مغرنی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کیف حکومت کی زیادہ مدد کریں، ملک کے مغربی حصوں میں فوجوں نے کئی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے روسی افواج کو پسپا کر دیا ہے، سنگاپور میں منعقدہ ایک سکیورٹی کانفرنس میں بذریعہ آن لان شرکت کرتے ہوئے زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس کیخلاف جنگ میں یوکرین فاتح ثابت ہو گا تاہم اس مقصد کی خاطر مغربی ممالک انہیں مزید بھاری اسلحہ اور عسکری سازوسامان مہیا کریں۔