بھارت انتہا پسندی کے خطرناک راستے پر مسلمانوں کے لیے عرصہ حیات تنگ کردیا گیا قمر زمان کائرہ

13 جون ، 2022

اسلام آ باد (آئی این پی ) مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گری کی شدید مذمت کرتے ہوئےقمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کر رہا ہے، بھارت ہندوتوا کے نظریے کی صورت میں ہندو انتہا پسندی کے خطرناک راستے پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتی ہندو انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی ہندو انتہا پسندی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے خطرناک ثابت ہوں گی۔