جارحیت نہیں امن چاہتےہیں، امریکا سے تعلقات نازک موڑ پر ہیں، چین

13 جون ، 2022

بیجنگ(جنگ نیوز)چین کے وزیر دفاع وی فینگھ نے کہا ہے کہ دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کا انحصار امریکا پر ہے جو کہ نازک موڑ پر ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے ایشیا کے سیکیورٹی اجلاس میں متعدد بار کہا کہ چین جارحیت نہیں امن و استحکام چاہتا ہے۔انہوں نے امریکا کو کہا کہ یکجہتی کو مضبوط کریں اور تنازعات اور تقسیم کی مخالفت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ چین، امریکی دفاعی سیکریٹری لائیڈ آسٹن کی تقریر میں ساکھ کو نقصان پہنچانے، الزامات اور دھمکی کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ وی فینگھ نے شنگریلا ڈائیلاگ سے خطاب میں کہا کہ ہم امریکا سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ چین کو قابو کرنے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانا بند کرے، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا بند کرے، دو طرفہ تعلقات اس وقت تک بہتر نہیں ہوسکتے جب تک امریکا نہ چاہے۔