بھارت کے 30 فوجیوں پر قبائلی مزدوروں کو قتل کرنے کا الزام

13 جون ، 2022

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ کے پولیس افسر نے کہا ہے کہ 30 فوجیوں پر چھ قبائلی مزدوروں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال سرحدی ریاست میں جاری شورش کے خلاف ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران مزدوروں کو شدت پسند سمجھتے ہوئے گولیاں مار کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔سرحد پر تعینات فوجی اہلکاروں کو غلط فہمی ہوئی کہ مزدوروں کا گروہ دراصل شدت پسند ہیں جو میانمار سےبھارت میں داخل ہو رہے ہیں جس کے بعد ان پر فائر کھول دیا گیا۔ ناگالینڈ کے پولیس سربراہ ٹی جے لانگ کمیر نے صحافیوں کو بتایا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ آپریشن ٹیم نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے اور فوجی افسران نے غیر متناسب فائرنگ کی۔