پاکستانیوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کا طیارہ آج شام جائے گا

13 جون ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) دمشق ائیرپورٹ پر بمباری اور پروازیں منسوخ ہونے سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات مکمل کرلئے۔ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر پی آئی اے (آج) پیر 13 جون کو پرواز شام بھیجے گی۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق شام میں پاکستان کے سفیر کی استدعا پر پی آئی اے نے طیارہ بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ شام میں پاکستان کے سفیر نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر اور حکومت کو مکتوب لکھا ہے اور شام میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے شامی شہر حلب پروازیں بھیجنے کا کہا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں دمشق سے بذریعہ بس پاکستانیوں کو حلب منتقل کیا جائے گا جہاں سے پی آئی اے کا طیارہ ان کو وطن واپس لائے گا۔