یہودی انتہا پسند وں نے فلسطینیوں کی فصلیں نذرآتش کر دیں

13 جون ، 2022

نابلس (این این آئی)یہودی آباد کاروں کے انتہاپسند جتھے نے فلسطینی کسانوں کے زیر ملکیت زرعی اراضی پر کھڑی فصلوں کو نذر آتش کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں جنوبی نابلس کے گاوں بورین میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر حملے کیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گاوں میں قائم ویلج کونسل کے سربراہ ابراہیم عمران نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہودی آباد کاروں نے ناجائز طور قائم چوکی جعفات رونین کی طرف سے آکر بورین کے مشرقی حصے میں زرعی اراضی کے وسیع حصے کو آگ لگا ئی۔ جس کے نتیجے میں فصلیں اور درخت جل گئے۔ گاوں میں قائم کونسل کے سربراہ نے مزید کہاکہ یہودی آباد کاروں نے گاوں کے اندر آکر فلسطینیوں کے کئی گھروں اور مکانات پر حملے کیا اور بلا جواز جارحیت کا ارتکاب کیا۔ تاہم مقامی فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کی طرف سے لگائی گئی اس آگ کو اپنی مدد آپ کے تحت بجھانے کی کوششیں کیں ۔