افغانستان میں اہم عسکریت پسندکمانڈر سمیت8 ہلاک

13 جون ، 2022

کابل (شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبہ تخارمیں عسکریت پسندوں کے اہم کمانڈرسمیت 8 باغیوں کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ طالبان انتظامیہ کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ہفتے کو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کی خصوصی کارروائی کے دوران تخار کے صوبائی دارالحکومت تلوقان شہر کے ضلع 4 میں اہم کمانڈر یونس ازبکستانی سمیت 8 باغی ہلاک کرکے ان کا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا۔ اس دوران صوبائی پولیس کے ترجمان عبدالمبین صافی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر تلوقان شہر میں کارروائیوں کے دوران 8 مسلح باغی ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ تاہم عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں یا نہیں۔ مقامی افراد کے مطابق کارروائی میں سیکورٹی فورسز کو بھی نقصان اٹھانا پڑا ہے ،تاہم حکام نے ابھی تک فورسز کے ممکنہ نقصان بارے کچھ نہیں بتایا ہے۔